پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کے زیر اہتمام انزاک ڈے منایا گیا جس میں ترک سفیر مہمت پچاجی نے شرکت کی اور پہلی عالمی جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد کو پھولوں سے تازہ کیا اور ان کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ مہمت پچاجی نے عالمی جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کے نام تقریر کی، اور ترک جمہوریہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کا ان ماؤں کے نام پیغام پڑھا جن کے بیٹوں نے گیلی پولی کی جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے تھے ۔

یاد رہے کہ انزاک سے مراد آسٹریلیا اینڈ نیوزی لینڈ آرمی کورز نامی ایک دستہ تھا جو پہلی عالمی جنگ میں تشکیل دیا گیا تھا۔ اس دستے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دونوں ممالک کے سپاہی شامل تھے۔ 25 اپریل کو گیلی پولی پر حملہ آور ہونے والی اتحادی افواج میں انزاک کا یہ دستہ بھی شامل تھا، اور ان کی بڑی تعداد گیلی پولی کے معرکے میں ماری گئی تھی۔
انھی سپاہیوں کی یاد میں 25 اپریل کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں انزاک ڈے کے نام سے قومی دن منایا جاتا ہے ، اور جگہ جگہ ان سپاہیوں کی یادگاروں پر پھول رکھے جاتے ہیں ۔
