Turkiya-Logo-top

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن میں پولنگ کا عمل جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جہاں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے

انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہزاروں ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

میرپور ڈویژن میں ہونے والے اس مرحلے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہاں انتخابی عمل ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سیاسی ماحول میں کشیدگی، احتجاج اور بائیکاٹ کے اعلانات بھی سامنے آئے ہیں

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع شامل ہیں ضلع کوٹلی کی 6، ضلع بھمبر کی 3 جبکہ ضلع میرپور کی 4 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

انتخابی حکام کے مطابق ان 13 حلقوں میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جن کے لیے 1200 سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں

حکام کے مطابق پولنگ کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے 18 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ فوجی اہلکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کر رہے ہیں۔

سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولنگ کے عمل کو پرامن انداز میں مکمل کروایا جائے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے پاکستان تحریک انصاف نے بھی احتجاجی مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے انتخابی عمل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اسمبلی کے انتخابات مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ووٹنگ ہوگی انتخابی نتائج بھی مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے

Read Previous

استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 کے اعلیٰ سطح کے وفد کا کراچی پریس کلب کا دورہ

Read Next

راشد الغنوشی کی حالت پر تشویش، اہلِ خانہ اور اپوزیشن کا شفاف تحقیقات کا مطالبہ

Leave a Reply