turky-urdu-logo

افغانستان اپنے بھائی ترکی کی میزبانی میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے، افغان وزیر خارجہ

افغانستان کے وزیر خارجہ حنیف آتمار نے کہا ہے کہ ترکی کی میزبانی میں طالبان کے ساتھ انقرہ میں مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے حنیف آتمار نے کہا کہ ترکی افغانستان کا ایک بااعتماد دوست اور بھائی ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا اگلا دور ترکی میں کرنے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات سے افغانستان میں قیام امن کو استحکام ملے گا۔ دہائیوں کی خانہ جنگی سے تباہ حال افغانستان کو امن کی اشد ضرورت ہے۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہو گی اور فریقین سیاسی تصفئے کے ذریعے امن کی منزل حاصل کر پائیں گے۔

ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے ترکی اپنی تمام توانائیاں صرف کرے گا۔ افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے پہلے مرحلے میں ہی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فریقین جنگ بندی پر لازمی عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ استنبول میں افغان امن کانفرنس منقعد کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے 18 مارچ کو روس میں ایک کثرالقومی کانفرنس بھی ہو رہی ہے جس میں مختلف ممالک کے افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی شرکت کریں گے۔

افغان حکومت نے دونوں کانفرنسز میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ ایک اعلیٰ افغان وفد استنبول اور روس میں ہونے والی کانفرنسز میں شرکت کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے ترکی سے افغان امن مذاکرات کی میزبانی کی درخواست کی تھی جس میں خطے کے دیگر ممالک پاکستان، روس، چین، ایران اور ہندوستان کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ خطے کے بااثر ممالک کو شامل کئے بغیر افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات بے معنی ہوں گے۔

Read Previous

ترکی: شام کی سرحد کے قریب 4 غیر ملکی شہری گرفتار

Read Next

ملکِ شام کے عوام کے مصائب ختم ہونے کی فی الحال کوئی امید نہیں، ترکش ریڈ کریسنٹ

Leave a Reply