جرمنی کے بڑے بینک ڈوئچے بینک نے 2022 میں ایک دفاعی کمپنی کو ایک کروڑ 14 لاکھ یورو کی ضمانت فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد اسرائیلی وزارتِ دفاع کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت مرکاوا 4 ٹینکوں کے لیے گیئر باکس تیار کرنا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق، ان ٹینکوں کو غزہ میں شہریوں اور طبی مراکز پر حملوں میں استعمال کیا گیا، تاہم ان واقعات کے باوجود بینک اور جرمن کمپنی رینک کے درمیان معاہدہ جاری رہا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، 12 جنوری 2022 کو فرینکفرٹ میں ڈوئچے بینک کی ایک کمیٹی نے جرمن دفاعی کمپنی رینک کو پیشگی ادائیگی کی ضمانت دینے پر غور کیا تھا۔ یہ معاہدہ اسرائیلی وزارتِ دفاع کے ساتھ 2027 تک جاری رہنا تھا۔ بینک کے ایک قانونی مشیر نے اس معاملے کو معمول کی تجارتی مالی معاونت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے بینک کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا امکان بہت کم ہے اور معاہدہ منظرِ عام پر آنے کے امکانات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔
رپورٹ میں جنوری 2024 میں غزہ میں چھ سالہ فلسطینی بچی ہند رجب کی ہلاکت کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ ہند اپنے خاندان کے چھ افراد کے ساتھ اسرائیلی حملوں سے بچنے کے لیے گاڑی میں جا رہی تھیں کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں ہند کے خاندان کے تمام افراد ہلاک ہوگئے اور وہ کچھ وقت تک فون پر امدادی اداروں سے مدد کی اپیل کرتی رہیں۔ انہیں بچانے کے لیے جانے والی ایمبولینس کے عملے کو بھی راستے میں روک دیا گیا۔ بعد میں گاڑی پر گولیوں کے 335 نشانات ملے۔
اسرائیلی حکومت نے ابتدا میں جائے وقوعہ پر اپنی فوج کی موجودگی سے انکار کیا، تاہم بعد میں کہا کہ فائرنگ دو طرفہ جھڑپ کے دوران ہوئی تھی۔ لندن کی گولڈ اسمتھز یونیورسٹی کے ایک تحقیقی گروپ نے سیٹلائٹ تصاویر اور آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا تو جائے وقوعہ پر صرف اسرائیلی فوج کی موجودگی کے شواہد ملے۔
اکتوبر 2025 میں ہند رجب فاؤنڈیشن نے عالمی فوجداری عدالت میں دائر درخواست میں الزام عائد کیا کہ اس واقعے میں استعمال ہونے والے ٹینک مرکاوا 4 تھے۔ ہند کو بچانے کی کوشش کرنے والی ایمبولینس کے عملے کی باقیات کے درمیان ٹینک کا ایک گولہ بھی ملا تھا۔
19 اگست 2026 کو اسرائیلی فوج نے دو سال سے زائد عرصے بعد تصدیق کی کہ اس کے فوجیوں نے ہند رجب کی گاڑی اور انہیں بچانے کے لیے آنے والی ایمبولینس پر فائرنگ کی تھی۔ فوج نے اس واقعے کی وجہ فلسطینی ہلالِ احمر کی ایمبولینس کی نقل و حرکت کے حوالے سے رابطے میں ناکامی کو قرار دیا، تاہم فلسطینی ہلالِ احمر نے اس مؤقف کو مسترد کردیا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کی فوجداری تحقیقات کا اعلان بھی کیا۔
رپورٹ کے مطابق مرکاوا ٹینک غزہ میں شہریوں کے خلاف استعمال ہونے کا یہ واحد واقعہ نہیں تھا۔ نومبر 2023 میں الشفا اسپتال کا محاصرہ اور جون 2025 میں الطحلیہ چوک پر امدادی خوراک کے منتظر شہریوں پر حملہ بھی ان واقعات میں شامل ہیں۔
اگست 2025 میں غزہ کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر مرکاوا ٹینک سے گولہ باری کی گئی، جس میں خبر رساں ادارے رائٹرز کے صحافی حسام المصری سمیت 22 فلسطینی ہلاک ہوئے۔ ان میں پانچ صحافی، امدادی کارکن اور ایک طبی اہلکار بھی شامل تھے۔ عینی شاہد اور صحافی اسامہ ہشام کے مطابق، جب امدادی کارکن اور صحافی جائے وقوعہ پر پہنچے تو اسی ٹینک نے اسپتال پر دوبارہ گولہ باری کی۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے فوجی حکام نے بھی کہا تھا کہ ایک ہی ٹینک نے دو مرتبہ فائرنگ کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اگلے روز دعویٰ کیا کہ اس نے حماس کے زیرِ استعمال ایک کیمرے کو نشانہ بنایا تھا، تاہم رائٹرز نے تصدیق کی کہ وہ کیمرہ اسی خبر رساں ادارے کا تھا۔ دھماکا خیز مواد کے ماہر محمد سالم نے حملے کے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ اس میں 120 ملی میٹر کے گولے استعمال کیے گئے، جو مرکاوا ٹینکوں کی توپوں کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، مرکاوا 4 ٹینکوں سے متعلق کئی بڑے واقعات اس وقت پیش آچکے تھے جب ڈوئچے بینک کی مالی معاونت سے تیار ہونے والے گیئر باکسز کی پہلی کھیپ ستمبر 2024 میں فراہم کیے جانے کا وقت مقرر تھا۔ تاہم غزہ میں پیش آنے والے واقعات کے باوجود ڈوئچے بینک اور رینک کے درمیان معاہدہ متاثر نہیں ہوا۔
ڈوئچے بینک نے 2022 میں معاہدے کی حمایت میں یہ دلیل بھی دی تھی کہ اسرائیل کو دفاعی سازوسامان کی برآمد کے لیے جرمن حکومت کی منظوری ضروری ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق 2024 کے بیشتر عرصے میں جرمنی نے اسرائیل کو ہتھیار برآمد کرنے کے بہت کم اجازت نامے جاری کیے، جس سے رینک اور مرکاوا ٹینکوں کے انجن تیار کرنے والی کمپنی رولز رائس بھی متاثر ہوئیں۔
جرمنی نے اگست 2025 میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات عارضی طور پر روک دی تھیں، تاہم ایک ماہ قبل اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد اس پابندی میں جزوی نرمی کردی گئی
