لاہور میں ترکیہ کی کاروباری تنظیم TÜMSİAD پاکستان چیپٹر اور پاک ترک کلچرل فورم کے وفد نے ترکیہ کے قونصل جنرل محمت ایمن شمشک سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروباری شراکت داری، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں چوہدری انیس اقبال، شیخ محمد ابراہیم، رانا طارق محبوب، میاں بابر حمید اور عابد خان شیروانی شامل تھے۔ شرکا نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو عملی کاروباری تعاون میں تبدیل کرنے، مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرنے اور نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے پر گفتگو کی۔ملاقات میں زیرِ تجویز منصوبوں اور مستقبل میں مشترکہ سرگرمیوں کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں میں ٹیکسٹائل، زراعت، خوراک کی پراسیسنگ، مشینری، معدنیات، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ سرکاری سطح پر سیاحت، فلم، ڈراما، ثقافتی تبادلوں اور مشترکہ میڈیا منصوبوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا جا چکا ہے۔
