پاکستان کے فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے راولپنڈی میں ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور پاکستان و قطر کے درمیان دوطرفہ سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر بھی بات ہوئی۔

قطری وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قابلِ قدر قرار دیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید گہرے بنانے اور مشترکہ سیکیورٹی امور میں تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
قطری وزیر داخلہ نے فیلڈ مارشل سے ملاقات سے قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
