لاہور میں ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشک نے اہلیہ میلتیم شمشک کے ہمراہ محکمہ تحفظِ ماحولیات پنجاب کی سیکریٹری سلوت سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسموگ کی روک تھام، مصنوعی ذہانت کے ذریعے فضائی آلودگی کی نگرانی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
سیکریٹری سلوت سعید نے ترک وفد کو پنجاب کلائمیٹ واچ ہب، مصنوعی ذہانت پر مبنی ایکو بوٹ اور حکومتِ پنجاب کے انسدادِ اسموگ اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ فضائی آلودگی کی پیش گوئی کے لیے لاہور اور فیصل آباد سمیت مختلف شہری مراکز میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ترک وفد کو گرین اسکول سرٹیفکیشن پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت 41 اضلاع کے 26 ہزار سے زائد اسکولوں میں تقریباً 76 لاکھ طلبہ اور اساتذہ کو ماحولیاتی آگاہی کے اقدامات میں شامل کیا گیا ہے۔
ترک وفد نے پنجاب میں ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انسدادِ اسموگ اقدامات کو سراہا۔ دونوں جانب سے ماحولیاتی اداروں، جامعات، ماہرین اور تحقیقی تنظیموں کے درمیان تجربات کے تبادلے، تکنیکی تربیت اور مشترکہ آگاہی مہمات کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کے عملی امکانات تلاش کرنے کے لیے ادارہ جاتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
