صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ترکیہ کے لیے پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر نے انہیں نئی سفارتی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پاکستان و ترکیہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
صدر زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
صدر نے دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان روابط، عوامی تبادلوں، ثقافتی تعلقات اور سیاحت کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ صدر نے پاکستانی اور ترک اداروں کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے آمنہ بلوچ کو ترکیہ میں مقیم پاکستانی طلبہ، کاروباری برادری اور پاکستانی کمیونٹی سے قریبی روابط رکھنے کی ہدایت کی۔
