Turkiya-Logo-top

ترک شہداء کی یاد میں ٹِکا کا اسلام آباد کے انقرہ پارک کو 500 پودوں کا تحفہ

ترکیہ میں 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے دوران جمہوریت کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یاد میں ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹِکا) نے اسلام آباد کے انقرہ پارک میں 500 پودے لگا کر ایک یادگاری جنگل قائم کر دیا۔

اس شجرکاری کی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو تھے، جبکہ ٹِکا پاکستان کی سربراہ صالحہ تونا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس مہم میں بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی شہریوں، پاکستان میں مقیم ترک برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی حصہ لیا۔

اس موقع پر انقرہ پارک میں قائم کیا گیا یادگاری جنگل 15 جولائی کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی یکجہتی اور ماحول دوست مستقبل کے مشترکہ عزم کی علامت بھی بن گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے کہا کہ 15 جولائی کے شہداء نے ترکیہ کی جمہوریت، قومی خودمختاری اور عوامی ارادے کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، جنہیں ترک قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج لگائے گئے یہ پودے آنے والے برسوں میں تناور درخت بن کر شہداء کی قربانیوں، پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی اور ماحول کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی یاد دلاتے رہیں گے۔

ٹِکا پاکستان کی سربراہ صالحہ تونا نے کہا کہ یہ شجرکاری مہم صرف ایک ماحولیاتی اقدام نہیں بلکہ 15 جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کو مزید مستحکم کرنے کی ایک علامتی کاوش بھی ہے، ٹِکا پاکستان میں سماجی، ترقیاتی اور ماحول دوست منصوبوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

انقرہ پارک میں قائم کیا گیا یہ یادگاری جنگل وقت کے ساتھ ایک زندہ یادگار کی صورت اختیار کرے گا، جو 15 جولائی کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ تازہ رکھے گا اور پاکستان و ترکیہ کی دیرینہ دوستی، مشترکہ اقدار اور سرسبز مستقبل کے عزم کی علامت بن کر پروان چڑھتا رہے گا۔

Read Previous

سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر صدر رجب طیب ایردوان دوحہ پہنچ گئے

Read Next

حجاب کی جیت۔۔ امینہ ایردوآن کا سفرِ عزت ..

Leave a Reply