بلوچستان میں منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن شبعان جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق. پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس مشترکہ طور پر مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کا محاصرہ مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے ممکنہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی دستوں کے ساتھ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ذرائع کے مطابق 6 اور 7 جولائی کو ہونے والی کارروائیوں میں 26 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ اس طرح آپریشن شبعان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح خضدار کے علاقے زیدی میں دہشتگردوں نے ایک پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹر آپریشن کے دوران مزید 5 سے 6 دہشتگردوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شبعان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 75 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مختلف علاقوں میں تاحال جاری ہیں
