Turkiya-Logo-top

اسرائیل عالمی تنہائی کا شکار ہو کر امریکی یہودیوں میں حمایت کھو چکا ہے : سابق وائٹ ہاؤس چیف آف سٹاف

سابق وائٹ ہاؤس چیف آف سٹاف رحم ایمانوئل کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو نہ صرف عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے بلکہ امریکہ میں، خصوصاً نوجوان نسل اور یہودی حلقوں میں بھی اس کی روایتی حمایت تیزی سے کمزور پڑ رہی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رحم ایمانوئل نے کہا کہ اسرائیل کو امریکہ میں ایک سنجیدہ اور طویل المدتی چیلنج درپیش ہے، کیونکہ 30 سال سے کم عمر امریکیوں میں اسرائیل کے بارے میں رائے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ تبدیلی محض وقتی سیاسی اختلاف نہیں بلکہ ایک ایسے رجحان کی نشاندہی کرتی ہے جو مستقبل میں امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ایک حالیہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان سیاست دان زہران ممدانی، اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے مقابلے میں امریکی یہودیوں میں زیادہ مقبول ہیں۔ رحم ایمانوئل کے بقول یہ نتائج اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ امریکہ میں اسرائیل کی روایتی عوامی اور سیاسی حمایت پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔

سابق امریکی عہدیدار نے کہا کہ وہ تقریباً سولہ، سترہ برس قبل، 2009 میں بھی بنیامین نیتن یاہو کو براہِ راست خبردار کر چکے تھے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کی پالیسی اسرائیل کو دو بڑے نتائج کی طرف لے جائے گی؛ ایک فلسطینی تنازع کا مسلسل طول پکڑنا اور دوسرا عالمی سطح پر اسرائیل کا بتدریج تنہا ہو جانا۔

ان کے مطابق اس وقت نیتن یاہو نے ان خدشات کو تسلیم کرنے کے بجائے انہیں "خود سے نفرت کرنے والا یہودی” قرار دیا، تاہم آج کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی پیش گوئی درست ثابت ہو رہی ہے۔

رحم ایمانوئل نے مزید کہا کہ یہودی روایت میں ہمیشہ اختلافِ رائے کی گنجائش رہی ہے، اسی لیے اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کو دشمنی نہیں بلکہ ایک جائز جمہوری اختلاف کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے لیے اصل چیلنج صرف بین الاقوامی دباؤ نہیں بلکہ امریکی معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل کے بدلتے ہوئے رجحانات ہیں، کیونکہ یہی نسل مستقبل میں امریکہ کی سیاست اور خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کرے گی۔

رحم ایمانوئل کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ کی جنگ کے بعد امریکہ سمیت مغربی ممالک میں اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مختلف سروے نوجوان ووٹروں کے خیالات میں نمایاں تبدیلی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

Read Previous

نیٹو سربراہی اجلاس: خاتونِ اول امینہ ایردوان کی میزبانی میںبچوں کی ڈیجیٹل حفاظت پر مشترکہ اقدامات پر زور

Read Next

پاکستان سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں زمینی و فضائی آپریشنز جاری

Leave a Reply