Turkiya-Logo-top

شارجہ سے کراچی آنے والا K2 Airways کا کارگو طیارہ اورماڑا کے قریب لاپتہ

شارجہ سے کراچی آنے والا پاکستانی کارگو ایئرلائن K2 Airways کا بوئنگ 737-400SF طیارہ بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑا کے قریب بحیرۂ عرب پرواز کے دوران ریڈار سے غائب ہوگیا، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلائٹ KTA1732 رات 9:17 پر تقریباً 35 ہزار فٹ کی بلندی پر معمول کے مطابق کراچی کی جانب پرواز کر رہی تھی کہ اچانک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارے نے یوٹرن لیا اور صرف پانچ منٹ میں تقریباً 34 ہزار فٹ نیچے آکر 1,100 فٹ کی بلندی پر پہنچ گیا، جس کے بعد اس کا ریڈار اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

حکام کے مطابق کراچی سے تقریباً 150 سے 155 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں پرواز کے دوران عملے نے نیوی گیشن کے مسئلے کی اطلاع دی اور نئی ہیڈنگ کی درخواست کی۔ کنٹرولر نے موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاہم اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتے ہوئے تیزی سے نیچے آتا دکھائی دیا۔ متعدد بار رابطے کی کوشش کے باوجود عملے کی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔

طیارہ 27 سال پرانا بوئنگ 737-400SF کارگو طیارہ تھا۔ واقعے کے بعد پاکستان نیوی اور متعلقہ اداروں نے بحیرۂ عرب میں تلاش کا آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک طیارے یا اس کے ملبے کے بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Read Previous

ٹرمپ نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انقرہ پہنچ گئے، صدر اردوان نے استقبال کیا

Read Next

طیارہ حادثہ: پائلٹ سمیت 5 پاکستانی جاں بحق، شناخت کا عمل مکمل

Leave a Reply