Turkiya-Logo-top

نائیجیریا میں جڑواں بھائیوں اور جڑواں بہنوں کی منفرد اجتماعی شادی

نائیجیریا کے جنوب مغربی شہر عبادان میں ایک غیر معمولی اور یادگار منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک چرچ میں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں کے ساتھ ایک ہی تقریب میں شادی کی۔

یہ منفرد تقریب جڑواں بھائی تائیوو اور کِہِنڈے اوگونتوئے اور جڑواں بہنوں تائیوو اور کِہِنڈے ادیڈیران کے درمیان منعقد ہوئی جس نے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کی۔

یوروبا قوم جو نائیجیریا کے جنوب مغرب میں بڑی تعداد میں آباد ہے جڑواں بچوں کی زیادہ پیدائش کے لیے مشہور ہے تاہم اس طرح کی “ڈبل ٹوئن ویڈنگ” بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔

تائیوو اوگونتوئے نے اپنی شادی کے دن بی بی سی یوروبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے جڑواں بہنوں سے شادی کا خواب دیکھتے تھے ان کے مطابق یہ سب کچھ کسی اتفاق سے کم اور ایک طے شدہ خوبصورت تقدیر کی طرح محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ ان کے بچوں میں بھی جڑواں بچے ہوں کیونکہ ان کے لیے جڑواں ہونا ایک خاص خوشی اور نعمت ہے۔

یوروبا ثقافت میں جڑواں بچوں کو بہت احترام اور برکت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہاں بڑے جڑواں کو تائیوو کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے “دنیا کو پہلے چکھنے والا” جبکہ چھوٹے کو کِہِنڈے کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے “بعد میں آنے والا”

اس دلچسپ کہانی کا آغاز تقریباً دس سال پہلے یونیورسٹی آف عبادان سے ہوا جہاں یہ چاروں افراد زیرِ تعلیم تھے ایک لیکچرر نے اوگونتوئے بھائیوں کو جڑواں بہنوں سے ملوانے کا مشورہ دیا جس نے اس غیر معمولی تعلق کی بنیاد رکھی۔

ابتدائی ملاقات میں اگرچہ دونوں فریقین نے فوری طور پر رشتے کو آگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں دکھائی، تاہم ان کے درمیان دوستی قائم ہو گئی

کچھ سال بعد دوبارہ رابطہ ہوا تو تعلق آہستہ آہستہ مضبوط ہوتا گیا اور یہی تعلق آخرکار شادی میں تبدیل ہو گیا۔

دونوں خاندان اس رشتے سے بہت خوش ہوئے اور تائیوو اوگونتوئے کے مطابق انہیں اپنے سسرال میں بے حد عزت اور اپنائیت ملی، جیسے وہ پہلے ہی اس خاندان کا حصہ ہوں
اوگونتوئے ٹوئنز کے نام سے مشہور یہ بھائی مقامی سطح پر جڑواں ثقافت اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ دونوں بھائی جڑواں ہیں لیکن وہ ایک جیسے نہیں جبکہ ان کی بیویاں ایک جیسی جڑواں ہیں جس نے اس شادی کو اور بھی منفرد بنا دیا۔

کِنڈے اوگونتوئے کے مطابق ان کی بیویاں اتنی ملتی جلتی ہیں کہ بعض اوقات خاندان کے افراد بھی انہیں پہچاننے میں غلطی کر جاتے ہیں، تاہم وہ اپنی اپنی بیویوں کو بخوبی پہچانتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی شخصیتیں اپنی بیویوں سے کافی ملتی جلتی ہیں اور وہ خود کو ایک متوازن مزاج رکھنے والے افراد سمجھتے ہیں۔

.اگرچہ دونوں جوڑے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں تاہم تائیوو اوگونتوئے کے مطابق وہ مستقبل میں الگ الگ گھروں میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں

Read Previous

بیلجیئم کے ساتھ میچ ڈرا ہونے کے بعد ایران نے لاس اینجلس لاکر روم میں شکریے کا نوٹ چھوڑ دیا

Read Next

ترکیہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فضائی تعاون میں اضافہ، نئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Leave a Reply