ترکیہ کے مذہبی و فلاحی اداروں کی جانب سے پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جاری اجتماعی قربانی پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں 5 ہزار گائیوں کی قربانی دی گئی جبکہ قربانی کا گوشت 10 لاکھ افراد تک پہنچایا گیا۔ منصوبے کے منتظمین کے مطابق اس اجتماعی قربانی پروگرام میں مجموعی طور پر 35 ہزار حصصِ قربانی شامل تھے۔ قربانی کے جانوروں کو شرعی اصولوں کے مطابق ذبح کرنے کے بعد گوشت پاکستان کے مختلف شہروں، قصبوں اور دور دراز علاقوں میں تقسیم کیا گیا، جہاں ہزاروں خاندانوں نے اس فلاحی اقدام سے فائدہ اٹھایا۔اس موقع پر ترکیہ کے ادارہ برائے مذہبی امور اور ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے بھی پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور قربانی کے مراحل کی نگرانی کی۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو، ترک رضاکاروں، فلاحی کارکنوں اور مقامی ٹیموں نے بھی اس کارِ خیر میں بھرپور شرکت کی اور مختلف علاقوں میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ رضاکاروں اور مقامی ٹیموں نے گوشت کی بروقت اور منظم تقسیم کو یقینی بنایا تاکہ امداد مستحق افراد تک پہنچ سکے۔منصوبے کے تحت گوشت کی تقسیم میں خصوصی طور پر کم آمدن والے خاندانوں، یتیموں، بیواؤں اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو ترجیح دی گئی۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں زیادہ سے زیادہ افراد کو شریک کرنا اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرنا تھا۔ترکیہ کے فلاحی ادارے گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں مختلف سماجی، تعلیمی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں میں سرگرم عمل ہیں۔ اجتماعی قربانی کا یہ پروگرام بھی دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات، باہمی تعاون اور انسانی خدمت کے جذبے کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قربانی پروگرام 29 مئی 2026 کو کامیابی سے مکمل ہوا، جس میں ترکیہ اور پاکستان کے درجنوں رضاکاروں، منتظمین، فلاحی کارکنوں اور سماجی خدمت سے وابستہ افراد نے حصہ لیا۔ بیان کے مطابق فاؤنڈیشن آئندہ بھی پاکستان سمیت مختلف ممالک میں انسانیت کی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ ترکیہ کی جانب سے ہر سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں اجتماعی قربانی کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد ضرورت مند افراد تک قربانی کا گوشت پہنچانا اور اسلامی اخوت و یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔




