Turkiya-Logo-top

دنیا کے سب سے زیادہ ممالک کیلئے پروازیں آپریٹ کرنے والی ترکش ائیر لائنز کے 93 سال مکمل

دنیا میں سب سے زیادہ ممالک کیلئے پروازیں آپریٹ کرنے کا عالمی اعزاز رکھنے والی ترکش ائیر لائنز کے 93 سال مکمل ہونے پر لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ترکش ائیر لائنز کے پاکستان میں جنرل منیجر عمر اوندر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیک کاٹ کر اس سنگِ میل کو یادگار بنایا۔

ترکش ائیر لائنز پاکستان کے تین بڑے شہروں لاہور، کراچی اور اسلام آباد کیلئے باقاعدہ پروازیں آپریٹ کرتی ہے جبکہ استنبول کے ذریعے پاکستانی مسافروں کو یورپ، امریکہ، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور دنیا کے درجنوں اہم مقامات تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔ پاکستان میں بزنس کمیونٹی، طلبہ اور سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد بین الاقوامی سفر کیلئے اس ایئرلائن کو ترجیح دیتی ہے۔

تقریب میں ٹریول اور ایوی ایشن شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ ترکش ائیر لائنز کی عالمی کامیابیوں، جدید سفری سہولیات اور پاکستان میں اس کے مضبوط نیٹ ورک کو سراہا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر اوندد نے کہا کہ

"ترکش ائیر لائنز نہ صرف عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے بلکہ پاکستان میں بھی یہ ایئرلائن بین الاقوامی سفر کیلئے مسافروں کی اہم ترجیح بن چکی ہے۔ مستقبل میں بھی پاکستانی مسافروں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی”

ترکش ائیر لائنز کا آغاز 1933 میں صرف چند طیاروں کے ساتھ کیا گیا تھا، تاہم آج یہ دنیا کی بڑی اور تیزی سے ترقی کرنے والی ایئرلائنز میں شمار ہوتی ہے۔ خصوصاً صدر رجب طیب ایردوان کے دور میں ترکیہ کے ایوی ایشن سیکٹر نے غیر معمولی ترقی کی جبکہ استنبول کو عالمی فضائی مرکز بنانے کے وژن نے ترکش ائیر لائنز کو دنیا کی صفِ اول کی ایئرلائنز میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایئرلائن اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ ممالک کیلئے پروازیں آپریٹ کرنے کا اعزاز رکھتی ہے جبکہ اس کا عالمی فضائی نیٹ ورک چھ براعظموں تک پھیلا ہوا ہے۔ ایوی ایشن انڈسٹری کے مختلف عالمی اداروں کی جانب سے ترکش ائیر لائنز کو متعدد بار "بیسٹ ایئرلائن اِن یورپ” سمیت کئی اہم اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ترکش ائیر لائنز ہر سال کروڑوں مسافروں کو دنیا بھر میں سفری سہولیات فراہم کرتی ہے جبکہ استنبول ایئرپورٹ کو عالمی ٹرانزٹ حب کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ پاکستان سے یورپ اور شمالی امریکہ جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد بھی ترکش ائیر لائنز کی عالمی کنیکٹیویٹی سے فائدہ اٹھاتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ترکش ائیر لائنز کی مزید کامیابیوں اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان فضائی، تجارتی اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

Read Previous

صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ، پاکستان سمیت 10 ممالک کی شدید مذمت

Read Next

نائجیرین جوڑے کی ترکیہ میں کامیاب سرجری

Leave a Reply