چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سمیت متعدد ممالک کے سفیروں کی شرکت
اسلام آباد میں آذربائیجان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت نے شرکت کی۔


یہ تقریب آذربائیجان کے سفارت خانے میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی وفاقی وزراء علیم خان، مصدق ملک، سالک حسین اور شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف سمیت متعدد ممالک کے سفیروں اور اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی جانب سے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور آذربائیجان کے قومی ترانوں سے ہوا، جس نے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔
اپنے خطاب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ:

"پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور تاریخی وابستگی پر قائم ہیں، پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کیا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔ آذربائیجان پاکستان کو خطے میں ایک قابلِ اعتماد دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار تصور کرتا ہے، دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، سیاحت اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید مضبوط شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔”
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ:

"پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور یہ تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے، جبکہ دونوں ممالک ہر اہم علاقائی اور عالمی معاملے پر ایک دوسرے کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے آئے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون مستقبل میں دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔”
وفاقی وزیر مواصلات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:

"پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر الہام علیوف کی قیادت میں دونوں ممالک کی دوستی ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے، جبکہ کشمیر کے مسئلے پر آذربائیجان کی مستقل اور اصولی حمایت پاکستانی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔”
جبکہ دیگر وفاقی وزراء نے بھی دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر آذربائیجان کے یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان-آذربائیجان کی لازوال دوستی، باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
