
افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھگڈر مچنے سے 12 افغان خواتین جاں بحق ہو گئیں۔
یہ واقعہ جلال آباد میں ایک کھلے اسٹیڈیم میں پیش آیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے لئے جمع تھے۔
ننگرہار صوبے کے محکمہ صحت کے ترجمان ظاہر عادل نے بتایا کہ 12 خواتین مردہ حالت میں اسپتال لائی گئیں۔ کئی شدید زخمی خواتین کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں بھگڈر مچنے اور ہجوم کے بے قابو ہونے سے پیش آئیں۔ کئی لوگ زمین پر گرے اور پھر انہیں دوبارہ اٹھنے کا موقع نہیں مل سکا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 29 ستمبر کو افغان شہریوں اور تاجروں کے لئے ملٹی پل ویزے کی سہولت کا اعلان کیا تھا تاکہ ویزے کے حصول کے لیے بار بار سفارت خانے جانے کی ضرورت نہ پڑے۔
دونوں ملکوں کے درمیان 2600 کلومیٹر طویل سرحد ہے جسے ڈیورنڈ لائن کہا جاتا ہے۔