پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے گئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران سوراب میں 7 اور مستونگ میں 3 مسلح شدت پسند مارے گئے، جبکہ ایک گروہ سے تعلق رکھنے والی دو خودکش حملہ آور خواتین اور ایک مبینہ سہولت کار کو حراست میں لے لیا گیا۔
آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں شدت پسند نیٹ ورکس اور ان کے معاون عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشنز کر رہی ہیں
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی سلامتی کے منصوبے کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی
