turky-urdu-logo

پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے، وزیر داخلہ پاکستان

پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے اور اس حوالے سے بھارت کی کارروائیاں دشمن ملک سے بھی آگے جاچکی ہیں۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب کے ایڈیشنل آئی جی عمران محمود کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے جو کہ ایک ایسا رجحان ہے جس میں ہم ہر روز نئی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے جہاں پاکستان کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت صحافیوں اور ہر مکتبہ فکر نے قربانیاں دی ہیں اور اس کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے اور اس حوالے سے بھارت کی کارروائیاں کسی دشمن ملک سے بھی آگے جاچکی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنے بدترین ظلم کو چھپانے کے لیے ایسا کر رہا ہے اور اس ظلم کا جواز پیش کرنے کے لیے نئے بہانے تلاش کرکے بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل کرتا ہے اور پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کا بیان ہی کافی ہے کہ بھارت کسی نہ کسی طرح پاکستان میں ہر دہشت گردی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس انداز میں بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب ہونا چاہیے وہ ہم نہیں کر پائے مگر کچھ حد تک کامیابی ملی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لاہور کے ائیریا جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملے ہیں جو عالمی براداری کو دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی داخلی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اس لیے اس پر آج سے کارروائی شروع کر رہے ہیں جس کے بعد سیکریٹری خارجہ اس معاملے پر بات کریں گے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی اقوام متحدہ کے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اس معاملے سے آگاہ کیا جائے گا اور بھارت کو بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جائے گا کیونکہ ثبوتوں سے واضح ہے کہ صرف ایک کارروائی کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے اتنی بڑی رقم بھیجی گئی۔

 

Read Previous

ترکیہ، آذربائیجان، ترکمانستان سہ فریقی سربراہی اجلاس میں ٹھوس اقدامات کریں گے، ترک وزیر خارجہ

Read Next

صدر ایردوان سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکمانستان پہنچ گئے

Leave a Reply