ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے شام میں دہشت گرد تنظیم داعش سے جنگ کے بہانے YPG/PKK کی حمایت کرنے والے ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ استنبول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ،شام میں بعض یورپی ممالک کی جانب سے امریکہ کے ساتھ مل کر کی جانے والی پالیسیاں خطے میں استحکام کے بجائے مزید مسائل پیدا کر رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ، یورپ کے چند چھوٹے ممالک جو شام میں آپریشن کے حوالے سے بیانات دے رہے ہیں، نہ خود کوئی اثر رکھتے ہیں اور نہ ان کی پالیسیاں خطے کے لیے فائدہ مند ہیں۔ اگر یہ ممالک واقعی امریکہ کے بغیر شام میں فوجی کارروائیاں کر سکتے ہیں تو ہمیں دکھائیں، لیکن ہم جانتے ہیں کہ یہ ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ، ہمارا اصل مخاطب امریکہ ہے، کیونکہ یہ ممالک صرف اس کی طاقت کا سہارا لے کر بات کر رہے ہیں۔ ہمیں ایسے ممالک کی کوئی پروا نہیں جو صرف امریکہ کی پشت پناہی سے اپنے مفادات کے لیے شام میں سرگرم ہیں۔ ہم اپنی بات براہ راست امریکہ سے کر رہے ہیں، نہ کہ ان کے پیچھے چلنے والے چھوٹے ممالک سے۔
