
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم انسانیت کے لحاظ سے ایک مشکل اور درد بھرے دور سے گزر رہے ہیں۔
ترکی افریقہ اکنامک فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے انسانیت کو ایک مشکل اور درد بھرے دور میں پہنچا دیا ہے۔
بدقسمتی سے افریقی عوام کو کورونا وائرس کی عالمی وبا میں تنہا ان کی قسمت پر چھوڑ دیا گیا جبکہ ترقی یافتہ مغربی ممالک ماسک خریدنے کی جنگ میں شامل ہو گئے۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک اچھی خبر دی ہے کہ براعظم افریقہ سے کورونا کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ حالیہ سات ہفتوں میں کورونا کیسز میں کمی کا رجحان ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دشمنوں اور دوستوں کی پہچان میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی نے عالمی وبا کے دوران دنیا کے 154 ممالک کے کئی بین الاقوامی اداروں کی امدادی اپیل پر طبی آلات اور ماسک مفت فراہم کئے۔ براعظم افریقہ کے 46 ممالک کو بھی ترکی نے فراخدلی سے ماسک اور دیگر طبی آلات اور امداد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں صحت کی بہترین سہولتیں اور علاج معالجے کی معیاری سروسز موجود ہیں جس نے کورونا وائرس سے جنگ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ہماری حکومت نے حالیہ سات ماہ میں پندرہ ہزار تین سو بستروں پر مشتمل 14 نئے اسپتال تعمیر کئے ۔ صحت کی اضافی سروسز کے لئے 10 عمارتیں بنائی گئیں۔ کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہم نے سماجی اور معاشی حقائق کو نظرانداز نہیں کیا۔ معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھا جس نے کورونا وائرس کے پھیلاوٗ کو روکنے میں مدد کی۔