وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات، خطے میں امن پر زور
اپریل 11, 2026
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن و استحکام، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر امریکی وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور سہولت کاری کے کردار کو برقرار رکھے گا۔
وزیرِ اعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت خطے میں دیرپا امن کے قیام میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ ملے گا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں جانب سے مستقبل میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔