
سی آئی سی اے (کانفرنس آن انٹرایکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ میجرز ان ایشیا) کے سیکرٹری جنرل، کیرات ساربے نے حالیہ انٹرویو میں تنظیم کے مستقبل کے اقدامات اور آزربائیجان کی قیادت کے تحت متوقع سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کے مطابق، 2025 آزربائیجان کے لیے ایک خاص سال ہوگا، کیونکہ اس دوران ملک میں سی آئی سی اے کے تحت 20 سے زائد تقریبات منعقد ہوں گی، جو تنظیم کے پانچ اہم شعبوں ، معیشت، ماحولیات، انسانی ترقی، عسکری و سیاسی امور، اور جدید چیلنجز پر محیط ہوگی۔
سیکرٹری جنرل نے وضاحت کی کہ،یہ تقریبات آزربائیجان کے نعرے ‘سی آئی سی اے کو مضبوط بنانا، کنیکٹیویٹی، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ترقی’ کے عین مطابق ہوں گی۔ ان تقریبات میں پورٹ لیڈرز کانفرنس، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن فورم، اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی نمائش شامل ہیں، جو خطے میں اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دیں گی۔
انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں ‘سرکلر گرین ٹورزم’ کا منصوبہ اور زراعت کے عملی اقدامات پر ایک بین الاقوامی کانفرنس شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ماحول کی حفاظت کرنا ہے ،بلکہ خطے میں خوراک کی دستیابی کو بھی یقینی بنانا ہے۔
ثقافتی تعاون کے میدان میں سی آئی سی اے ثقافتی ورثہ تحفظ کانفرنس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ان آرٹ مقابلہ منعقد کرے گا، جو رکن ممالک کی مشترکہ ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد اقدام ہوگا۔ نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پائیدار ترقی پر ایک تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جو نوجوانوں کو عالمی مسائل کے حل میں شامل کرے گی۔
سیکرٹری جنرل نے انسانی اور سماجی فلاح و بہبود کے اقدامات میں آزربائیجان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ، 2025 میں باکو میں دوسرا وولنٹیئر لیڈرز سمٹ منعقد ہوگا، جو اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل ایئر آف والنٹیئرز 2026 کے ساتھ منسلک ہوگا۔ مزید برآں، خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے، چھوٹے کاروباروں میں ان کے مواقع بڑھانے، اور تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو تقویت دینے کے لیے بھی نئے منصوبے زیر غور ہیں۔
سیکیورٹی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، سی آئی سی اے دہشت گردی کے خاتمے اور سائبر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کر رہا ہے۔ آزربائیجان اس سلسلے میں سائبر سیکیورٹی ماہرین کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرے گا اور ذاتی ڈیٹا کی حفاظت کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرے گا۔
انہوں نے 2022 میں سی آئی سی اے کو ایک مکمل علاقائی تنظیم میں تبدیل کرنے کے اعلان کو تنظیم کی تاریخ کا ایک سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ، اس تبدیلی کا عمل 2026 میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جب تنظیم کے چارٹر کی منظوری دی جائے گی۔ آزربائیجان اس تبدیلی کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے اور تنظیم کی قانونی، تنظیمی اور مالی خودمختاری کو مزید مستحکم کرنے پر کام کر رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے آزربائیجان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ، تنظیم کی قیادت میں ملک کے ترقی پسند اور تخلیقی اقدامات رکن ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ، آزربائیجان کی قیادت میں سی آئی سی اے ایشیا کے خطے میں امن، استحکام، اور ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مضبوط کرے گا۔