ترکیہ میں اکتوبر 2025 سے جاری بارشوں میں نمایاں اضافے کے باعث ملک بھر میں ڈیموں اور آبی ذخائر کی سطح میں خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس سے پینے کے پانی کی فراہمی میں استحکام پیدا ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 23 مارچ تک ڈیموں کی مجموعی بھراؤ شرح 56 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ آبی وسائل کے مطابق یکم اکتوبر 2025 سے 23 مارچ 2026 کے دوران ہونے والی بارشیں طویل المدتی اوسط کے مقابلے میں 21.9 فیصد زیادہ رہیں، جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بارشوں میں 82.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے نے ملک بھر میں آبی ذخائر کی سطح کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 23 مارچ 2025 کو ترکیہ کے آبی ذخائر میں پانی کی مجموعی مقدار 40.8 ارب مکعب میٹر تھی جس کی فعال شرح 43 فیصد تھی، جبکہ 2026 میں یہی مقدار بڑھ کر 50 ارب مکعب میٹر ہو گئی اور فعال شرح 52.7 فیصد تک پہنچ گئی۔ پینے کے پانی کے ذخائر میں بھراؤ کی شرح گزشتہ سال کے 49.7 فیصد سے بڑھ کر 56 فیصد ہو گئی، جبکہ آبپاشی کے ڈیموں میں یہ شرح 42.3 فیصد سے بڑھ کر 54 فیصد اور بجلی پیدا کرنے والے ڈیموں میں 45.1 فیصد سے بڑھ کر 54.4 فیصد ہو گئی۔
بڑے شہروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو استنبول میں پانی کے ذخائر کی سطح گزشتہ سال کے 80.5 فیصد سے کم ہو کر 50.5 فیصد رہ گئی ہے، جس کے مطابق شہر میں تقریباً 156 دن کا پانی موجود ہے۔ انقرہ میں ڈیموں کی سطح معمولی اضافے کے ساتھ 20.1 فیصد سے بڑھ کر 22.4 فیصد ہو گئی ہے اور دارالحکومت کے پاس تقریباً 253 دن کا پانی ذخیرہ موجود ہے۔
ازمیر میں صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی گئی جہاں پانی کے ذخائر کی سطح 10.3 فیصد سے بڑھ کر 33.9 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے مطابق شہر کے پاس تقریباً 494 دن کا پانی موجود ہے۔ اسی طرح برصہ میں ڈیموں کی سطح 45.7 فیصد سے بڑھ کر 66.9 فیصد ہو گئی ہے اور شہر کے پاس تقریباً 378 دن کے لیے پانی دستیاب ہے۔
ماہرین کے مطابق بارشوں میں حالیہ اضافہ ملک میں پانی کی دستیابی کے لیے مثبت پیش رفت ہے، تاہم پائیدار آبی انتظام کے لیے محتاط حکمت عملی اور وسائل کے مؤثر استعمال کی ضرورت بدستور برقرار ہے۔
