
ترک ٹیکنالوجی ٹیم فاؤنڈیشن اور ترک وزارت برائے صنعت اور ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ترکیہ کا اس سال کے سب سے بڑے ٹیکنو فیسٹ کا آغاز 27 اپریل جمعرات سے استنبول کے اتاترک ائیرپورٹ پر ہو گا۔
اس ٹیکنو فیسٹ میں سمارٹ ٹرانسپورٹیشن سے لے کر چپ ڈیزائننگ اور ماڈل سیٹلائٹ تک مختلف زمروں میں درجنوں مقابلے منعقد کیے جائیں گے ۔
اس پانچ روزہ ایونٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجیز ، جدید ترین دفاعی مصنوعات سمیت مختلف ائیر شوز بھی منعقد کیے جائیں گے ۔ اور فیسٹ میں جیتنے والوں کو 13 لیرا تک کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے ۔گزشتہ برس ٹیکنو فیسٹ کی تقریب ترکیہ کے بحیرہ اسود کےصوبے سامسون میں منعقد ہوئی تھی، جبکہ اس کا پہلا بین الاقوامی ورژن آذربائیجان کے باکو میں مئی 2022 میں ہوا تھا۔
ترکیہ کی صدی کی تقریبات کے طور پر اس سال ٹیکنو فیسٹ ازمیر، استنبول اور انقرہ میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن 6 فروری کے تباہ کن زلزلے کے بعد ازمیر میں ہونے والے ٹیکنو فیسٹ کو منسوح کر دیا گیا جبکہ ترک دارلحکومت انقرہ میں 30 اگست سے ٹیکنو فیسٹ کا آغاز ہو گا
خیال رہے کہ 2018 میں پہلا ٹیکنو فیسٹ استنبول ائیر پورٹ پر منعقد کیا گیا تھا