اسلام آباد میں نامیاتی کچرے کو کارآمد وسائل میں بدلنے کے لیے ترک ترقیاتی ادارے ٹکا اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے درمیان گرین سائیکل منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
نسٹ کے ایچ-12 کیمپس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف اور دونوں اداروں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ معاہدے پر نسٹ کے پرو ریکٹر برائے منصوبہ بندی و وسائل محمد علی خان اور ٹکا کی اسلام آباد میں کنٹری ہیڈ صالحہ تونا نے دستخط کیے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
منصوبے کے تحت نسٹ کے ایچ-12 کیمپس میں نامیاتی کچرے سے کھاد تیار کرنے کا آزمائشی یونٹ قائم کیا جائے گا، جو روزانہ 100 سے 150 کلوگرام کچرے کو پراسیس کر سکے گا۔ کینٹینوں، ہاسٹلز اور باغبانی سے حاصل ہونے والے نامیاتی کچرے کو کھاد میں تبدیل کرکے کیمپس کی شجرکاری، تزئین و آرائش اور زرعی تحقیق میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ کچرے کو کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے، اس کے مؤثر انتظام اور ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ طلبہ اور محققین کو عملی تربیت اور تحقیق کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
نسٹ کے آفس آف سسٹین ایبلٹی کی قیادت میں شروع کیا گیا یہ اقدام ترکیہ کے زیرو ویسٹ وژن اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف 12، یعنی ذمہ دارانہ پیداوار اور استعمال، سے ہم آہنگ ہے جسے مستقبل میں دیگر جامعات میں بھی پائیدار کچرا مینجمنٹ کے لیے قابلِ تقلید مثال کے طور پر اپنایا جا سکتا ہے۔
