زلزلہ متاثرین کے لیے ترکیہ کا امدادی ہاتھ، ایک ہزار امدادی پیکج وینزویلا روانہ ترکیہ کی امدادی تنظیم Turkish Red Crescent نے حالیہ زلزلوں سے متاثرہ وینزویلا کے صوبے لا گوائیرا میں ایک ہزار حفظانِ صحت کے امدادی پیکج تقسیم کیے ہیں۔
وینزویلا ریڈ کراس کے تعاون سے پانچ سو امدادی پیکج پلایا گراندے میں قائم خیمہ بستی میں رہنے والے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائے گئے، جبکہ مزید پانچ سو پیکج خوسے ماریا وارگاس اسٹیڈیم میں قائم امدادی مرکز کے حوالے کیے گئے، جہاں سے انہیں دیگر زلزلہ متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
تقریب میں وینزویلا میں ترکیہ کے سفیر ناجی آیدان کرامان اوغلو، لا گوائیرا کے گورنر خوسے الیخاندرو تیران، ترک مسلح افواج کے انسانی امدادی بریگیڈ کے کمانڈر، آفاد اور قومی طبی امدادی ٹیم کے حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ Turkish Red Crescent کی جانب سے تیار کیے گئے ایک ہزار امدادی پیکج زلزلہ متاثرین کو پیش کیے گئے ہیں، جبکہ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے طلبہ نے امدادی سامان کی تیاری اور پیکنگ میں بھی بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ لا گوائیرا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انسانی امداد کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان کے مطابق ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) اور آفاد بھی مزید امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب لا گوائیرا کے گورنر خوسے الیخاندرو تیران نے ترکیہ کی عملی مدد کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امدادی پیکج دس ہزار سے زائد زلزلہ متاثرین تک پہنچائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جب متاثرین ترک اور وینزویلا کے پرچم ایک ساتھ دیکھتے ہیں تو خوشی سے "ترکیہ” کا نام لیتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔
