ترکیہ اورسربیا نے خارجہ پالیسی، دفاع، ثقافت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ترکیہ کے صدررجب طیب ایردوان نے انقرہ میں سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ سے ملاقات کی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق 2017 میں قائم ہونے والی ہائی لیول تعاون کونسل کے تحت دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس نے مشترکہ اہداف کے تعین اور تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے جب خطے اور عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
ترکیہ اور سربیا نے اقتصادی و تجارتی تعلقات، دفاعی صنعت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور رابطہ کاری، سیاحت، تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے ترکیہ۔سربیا مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا اور اسے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق 2025 میں دوطرفہ تجارتی حجم 3.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ آئندہ برسوں میں اسے 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں دوطرفہ سیاحت میں اضافے کا خیرمقدم کیا گیا اور سربیا میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں کام کرنے والی ترک کمپنیوں کے کردار کو سراہا گیا۔
مزید برآں، دونوں رہنماؤں نے بلقان امن پلیٹ فارم کے اجلاسوں کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایکسپو 2027 بلغراد کو علاقائی ترقی اور تعاون کے فروغ کا اہم موقع قرار دیا۔
