ترکیہ دنیا کے بڑے ٹماٹر پیدا کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے اور روس طویل عرصے سے اس کی ایک اہم منڈی رہا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں سیاسی اتار چڑھاؤ آتے رہے، مگر ٹماٹر کی تجارت نے کئی مواقع پر دونوں کے معاشی تعلقات میں ایک دلچسپ کردار ادا کیا۔
2015 سے پہلے ترکیہ ہر سال روس کو تقریباً تین لاکھ 66 ہزار ٹن ٹماٹر برآمد کرتا تھا، جن کی مالیت تقریباً 43 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی۔ اس وقت روس کی مجموعی ٹماٹر درآمدات میں ترکیہ کا حصہ تقریباً 43 فیصد تھا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
اس کا مطلب یہ تھا کہ روس میں کھائے جانے والے ہر نو ٹماٹروں میں سے تقریباً ایک ترکیہ سے آتا تھا۔
2023 میں ترکیہ میں تقریباً ایک کروڑ 33 لاکھ ٹن ٹماٹر پیدا ہوئے۔ اس پیداوار کا بڑا حصہ بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں، خصوصاً انطالیہ، جبکہ باقی اہم پیداوار برسا، مانیسا، قونیہ اور ازمیر جیسے علاقوں سے آتی ہے۔
ٹماٹر ترکیہ کی مجموعی سبزیوں کی پیداوار کا تقریباً 41 فیصد بنتا ہے۔ ملک میں ٹماٹر کا استعمال بھی بہت زیادہ ہے اور فی کس سالانہ کھپت تقریباً 106 کلوگرام بتائی جاتی ہے۔
ترکیہ میں ٹماٹر مختلف علاقوں اور موسموں میں مختلف طریقوں سے پیدا کیے جاتے ہیں۔ انطالیہ اور بحیرہ روم کے دیگر علاقوں میں گرین ہاؤسز کی وجہ سے پیداوار کا موسم طویل رہتا ہے، جبکہ ایجیئن اور مرمرہ کے علاقوں میں کھلے کھیتوں میں پیدا ہونے والے ٹماٹر گھریلو استعمال، چٹنیوں اور مختلف روایتی کھانوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
انقرہ کے مغرب میں واقع آیاس کا ٹماٹر اپنی منفرد شکل اور ذائقے کے باعث یورپی سطح پر بھی شناخت حاصل کر چکا ہے۔ اسے محفوظ جغرافیائی شناخت حاصل ہے۔ یہ ٹماٹر بڑے حجم، پتلی جلد، زیادہ گودے اور ہلکے گلابی مائل سرخ رنگ کے لیے مشہور ہے۔
ترکیہ کے کھانوں میں ٹماٹر کی اہمیت بھی نمایاں ہے۔ معروف ترک شیف اور کھانوں کے مؤرخ موسیٰ داغ دیویرن نے ٹماٹر، مرچ اور بینگن کو ترکیہ کے جنوبی اور مغربی ساحلی علاقوں کے تین بنیادی ذائقوں میں شمار کیا ہے۔
ترکیہ اور روس کے درمیان ٹماٹر کی تجارت کو ایک بڑا دھچکا نومبر 2015 میں لگا، جب ترکیہ نے شام کی سرحد کے قریب ایک روسی فوجی طیارہ مار گرایا۔
اس واقعے کے بعد روس نے ترکیہ پر کئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں، جن میں ترک ٹماٹروں کی درآمد پر پابندی بھی شامل تھی۔
اس فیصلے سے ترکیہ کے کاشتکار متاثر ہوئے اور ٹماٹر دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کی ایک علامت بن گئے۔
تاہم وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی اور روسی منڈی میں ترکیہ کے ٹماٹر دوبارہ پہنچنے لگے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
2024 میں ترکیہ نے روس کو تقریباً 49 ہزار 976 ٹن تازہ ٹماٹر برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً چار کروڑ 37 لاکھ ڈالر تھی۔
اسی سال ترکیہ کی دنیا بھر میں تازہ ٹماٹروں کی مجموعی برآمدات تقریباً چار لاکھ 92 ہزار ٹن رہیں، جن کی مالیت 42 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے قریب تھی۔
