انقرہ میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون اور پاکستان کے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی۔
ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتر نے پاکستان کے وزیرِ نجکاری محمد علی اور ان کے وفد کے ساتھ اپنی وزارت میں ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل پر گفتگو کی گئی، جبکہ ترکیہ کی جانب سے گزشتہ دو دہائیوں میں توانائی کے شعبے میں کیے گئے وسیع اصلاحاتی تجربات بھی شیئر کیے گئے۔
ترکیہ کے وزیر نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں میں توانائی کے شعبے میں کی جانے والی جامع اصلاحات کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا اور شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنے تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے اور اس کے اصلاحاتی عمل میں معاونت کے لیے تیار ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی وفد کو استنبول میں ترکیہ کے توانائی شعبے کے نمایاں سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کرائی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، شراکت داری اور تکنیکی تعاون کے نئے راستے کھولے جا سکیں۔

دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ توانائی کے شعبے میں عملی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
