امریکی ریاست واشنگٹن میں نیشنل پریس کلب میں ڈیزاسٹر ڈپلومیسی کے زیر عنوان سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ترک کمیونیکیشن ڈائریکٹر فخرالتوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سمینار کے شرکا سے خطاب کیا اور غیر مصدقہ اطلاعات اور اس کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا غیر مصدقہ خبروں کا اجرا عالمی برادری کے لیے ایک مسئلہ ہے ۔ ترکیہ غیر مصدقہ خبروں اور معلومات کا شکار ہے اس نے بہت ثابت قدمی سے اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سلامتی کو اقتصادی بحران، وبائی امراض، قحط، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے خطرہ لاحق ہے۔ اس سب میں جھوٹی، غیر واقعی اور غیر مصدقہ خبروں کا پھیلنا ایک خطرے کی علامت ہے اور عالمی دنیا کو اس پر خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے۔
انہوں نے 6 فروری کے زلزلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زلزلے میں جہاں ہم تباہ شدہ علاقوں کو بروقت امداد فراہم کرنے میں لگے تھے وہاں ہمیں ان غیر مصدقہ خبروں کے خلاف بھی لڑنا پڑا اور ہم نے درست معلومات عوام اور دنیا کو پہنچائیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ کس طرح غلط معلومات نہ صرف قومی سلامتی کو بلکہ براہ راست شہریوں کی جان و مال کی سلامتی کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
غلط معلومات اور غیر مصدقہ خبریں نہ صرف ترکیہ بلکہ تمام ممالک اور عالمی برادری کے لیے ایک مسئلہ ہیں۔
انہوں نے تمام ممالک کو دعوت دی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں کے خلاف آواز اٹھائیں اور اور ان تما م عناصر کے خلاف لڑیں جو غیر مصدقہ اطلاعات کے ذمہ دار ہیں
خیال رہے کہ حالیہ زلزلوں میں جہاں ترکیہ نے تباہ کن علاقوں میں امداد پہنچائی وہاں غیر مصدقہ خبروں کے خلاف بھی آواز اٹھاتے ہوئے ان تمام خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا جو لوگوں کو غلط معلومات فراہم کر رہی تھیں اور عوام کا مورال گرنے کا سبب بن رہی تھیں
