یورپی کمیشن کے وسعتی امور کے کمشنر اولیور وارہیلی نے کہا ہے کہ ترکیہ اور یورپی یونین کے درمیان متوازن تجارت کے لیے بھرپور تعاون پایا جاتا ہے۔
ترکیہ سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے زیر اہتمام استنبول میں ترکیہ اور یورپی یونین اعلی سطحی مکالمتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔
اس اجلاس سے خطاب میں اولیور وارہیلی نے نے کہا کہ ترکیہ یورپ کا ایک بہترین اقتصادی شراکت دار ملک ہے،یورپی یونین کا امیدوار جبکہ نیٹو کا اتحادی ملک ہونا ترکیہ اور یورپی یونین کے حوالے سے ایک اہم موڑ ہے۔
وار ہیلی نے کہا کہ یورپی کمیشن ترکیہ سے وابستہ امور میں کافی دلچسپی لیتا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی زراعت، ماحولیات،ہجرت اور صحت عامہ جیسے موضوعات پر ترکیہ کے ساتھ تحقیقاتی وجدت پسندی پر مکالمت کا آغاز ہوگا۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ ترکیہ، یورپی یونین کا چھٹا اہم تجارتی شراکت دار ہے جن کے درمیان گزشتہ سال تجارتی حجم 157 ارب یورو کا رہا ، ہم،ترکیہ اور یورپی یونین کے درمیان ایک متوازن تجارتی تعلقات کے قیام کے لیے کام کر رہے ہیں کیونکہ دونوں جانب بھرپور تعاون پایا جاتا ہے۔
