صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ملک کے نئے آئین کا مسودہ جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔
انقرہ میں آق پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی کے آئین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اس میں ترامیم کی گئی ہیں۔ عدالتی انتظامیہ کے بیشتر قوانین تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ عدلیہ آزادانہ طور پر فیصلے کر سکے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ نئی نسل کے لئے نیا آئین وقت کی ضرورت ہے کیونکہ کئی سال سے فوجی آمروں نے آئین میں اپنی مرضی سے تبدیلیاں کیں جو اب وقت کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ نئے آئین کو عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔ نئے آئین میں جمہوری حقوق اور آزادی رائے کو ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں وہ وزارت داخلہ کے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کو کئی بار دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ امن اور اعتماد کی فضا کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد وزیر داخلہ کو نشانہ بنانا تھا تاکہ ترکی کے پُرامن ماحول کو بگاڑا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ترکی کے سابق وزیراعظم، سابق اسپیکر پارلیمنٹ اور سابق وزیر بینالی یلدرم پر بھی حملے کئے گئے جو اس وقت آق پارٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ حکومت اس تمام کھیل کے کرداروں کو جلد ہی بے نقاب کرے گی۔ حکومت جرائم پیشہ گروہوں کے پیچھے ہے اور وہ کسی صورت بچ کر نہیں جا سکتے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ حالیہ 19 برسوں میں تمام جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان میں سے بیشتر کا صفایا کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے حالیہ ساڑھے تین برسوں میں ڈرگز مافیا کے خلاف 5 لاکھ 30 ہزار آپریشنز کئے جس میں ساڑھے سات لاکھ مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اب تک 85 ہزار جرائم پیشہ افراد کے خلاف عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترک ٹیکنالوجی نے جنگی حکمت عملی کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ ترک جنگی ڈرون طیاروں نے جنگی میدان میں ایک انقلاب برپا کر دیا ہے۔ اس وقت ترکی کے تیار کردہ جنگی ڈرون طیارے کئی ممالک کی افواج استعمال کر رہی ہیں۔
