رپورٹ: ڈاکٹر عاطف بٹ
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لاہور میں واقع ریجنل کیمپس میں یونس ایمرے مرکز کے تعاون سے بچوں کے سمر کیمپ کا آغاز کر دیا گیا۔ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل جناب مہمت ایمن شیمشک، یونس ایمرے مرکز کے کنٹری ڈائریکٹر جناب ایرن میاسولو اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر جناب امان اللہ ملک نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں سمر کیمپ میں شریک بچوں کے علاوہ ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک قونصل جنرل جناب مہمت ایمن شیمشک کا کہنا تھا کہ سمر کیمپ کے دو ہفتوں کے دوران بچوں کو ترکی زبان کے ساتھ ساتھ ترک ثقافت کے بارے میں بھی جاننے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کیمپ میں حصہ لینے والے بچوں کا یہ ترکی زبان سے تعارف کا ابتدائی مرحلہ ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے گا۔ یونس ایمرے مرکز کے کنٹری ڈائریکٹر جناب ایرن میاسولو نے اس موقع پر کہا کہ دو ہفتے کا کیمپ ترکی زبان و ثقافت سے بنیادی شناسائی کے لیے ترتیب دیا گیا اور اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے بچوں کی ترکی زبان کے کورسز بھی شمولیت کے لیے بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ اس سمر کیمپ کا منصوبہ سابق کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے بنایا تھا اور مرکز کی طرف سے کوشش کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے بعد اب اس کا دائرہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں تک بھی پھیلایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے ترک زبان و ثقافت سے واقفیت حاصل کر سکیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر جناب امان اللہ ملک کا کہنا تھا کہ کیمپ میں حصہ لینے والے بچے خوش قسمت ہیں کہ انھیں چھوٹی عمر میں ہی ترکی زبان اور ترک ثقافت سے متعارف ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کی باہمی محبت، برادرانہ تعلقات اور ثقافتی رشتے اس بات کے متقاضی ہیں کہ ایسے پروگراموں کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔

تقریب کے بعد ترک قونصل جنرل نے یونیورسٹی کیمپس کے ان کمروں کا جائزہ لیا جہاں بچے سمر کیمپ سے متعلقہ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اس دوران انھوں نے تیر اندازی کا مظاہرہ بھی کیا۔ کمرۂ جماعت میں بچوں سے مل کر جناب مہمت ایمن شیمشک نے بچوں کو ترکی زبان میں اپنا تعارف کرانے کے بارے میں رہنمائی دی۔ اس دوران وہ فرداً فرداً بچوں سے ملے اور انھیں بتایا کہ ترکی میں کس طرح اپنا نام بتایا اور کسی دوسرے کا نام پوچھا جاتا ہے۔


سمر کیمپ میں شریک کچھ بچوں نے ترک ڈراموں وغیرہ سے سیکھے گئے ترکی الفاظ کے بارے میں ترک قونصل جنرل کو بتایا اور کیمپ کے بارے میں ان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترک زبان سیکھ کر اس میں بات چیت کے قابل بننا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر بچوں کے والدین نے پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یونس ایمرے مرکز اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔

دو ہفتے جاری رہنے والے سمر کیمپ میں پچیس بچے حصہ لے رہے ہیں جنھیں ترکی زبان کے علاوہ تیر اندازی، پتھروں پر کی جانے والی روایتی ترک نقاشی ایبرو اور روایتی ترک کھیل منگالا سے متعارف کرایا جائے گا۔ لاہور میں پہلی بار اس سمر کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں چار مرتبہ اور کراچی میں دو مرتبہ کیمپ کامیابی سے منعقد کیا جا چکا ہے۔ اس سال تینوں شہروں میں بیک وقت اس سمر کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے۔
