لاہور میں موجود ترکیہ کے قونصل خانے کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز میں طلباء کو "ترکیہ کے عظیم سفارتی ورثے” کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کروایا گیا۔تقریب میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسرز اور ترکیہ کے اعلیٰ سفارتی حکام نے شرکت کی۔
"ترکیہ کی عظیم سفارتکاری، ماضی سے حال تک کا سفر”
اِس تقریب کا عنوان "ترکیہ کی عظیم سفارتکاری، ماضی سے حال تک کا ایک سفر” تھا۔ تقریب میں طلبا کو پاکستان میں ترکیہ کے سفارتی حکام اور پاکستان اور ترکیہ دوستی کی شاندار روایت کا حال سُنایا گیا۔قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک ترکیہ کی پاکستان میں سفارتی کامیابیوں کے بارے میں بھی طلباء کو آگاہ کیا گیا۔
تقریب میں لاہور میں موجود ترکیہ کے قونصلر جنرل "علی ارباش” نے خصوصی شرکت کی اور طلباء سے خطاب کیا۔
اُنہوں نے طلباء کو ترکیہ کی سفارتی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ” پاکستان کو ترکیہ نے ہمیشہ اپناعزیز بھائی اور دوست سمجھا ہے، ترکیہ اُن اولین ممالک میں سے تھا جِنہوں نے پاکستان کو تسلیم کیا اور یہاں اپنا سفیر تعینات کیا۔” اُنہوں نے 1947 سے لے کر اب تک پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات پر روشنی بھی ڈالی۔
تقریب کے اختتام میں طلباء ، اساتذہ اور ترکیہ کے سفارتکاروں نے ایک گروپ فوٹو بنائی۔