ترک ایروسپیس انڈسٹریز کے جنرل مینجر ڈاکٹر تیمل کوٹل نے کہا ہے کہ ٹی ایف ایکس نیشنل کمبیٹ ایئرکرافٹ پر کام جاری ہے۔ اور اس طیارے کے پہلے پروٹوٹائپ کو 18 مارچ 2023 کو منظر عام پر لایا جائیگا۔ انھوں نے یہ بات مقامی میڈیا چینل سے بات چیت کےدوران کہی ۔ انکا کہنا تھا کہ ففتھ جنریشن ایم ایم یو 20 ہزار سے زائد پارٹس پر مشتمل ہے، ان پارٹس کی تیاری 2022 کے آخر تک مکمل کرلی جائیگی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میں سب اہم حصہ ٹائٹینئم پرزہ جات ہیں جو طیارے کے انجن کو سنبھال کررکھتے ہیں، یہ بنانے میں سب سے مشکل حصہ ہے۔ تاہم کمپنی کو ایف 35 طیارے کے مڈ باڈی حصے کو بنانے کا خاطر خواہ تجربہ اور عبور حاصل ہے جو اس معاملے میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر تیمل کا کہنا تھا کہ شروع میں پہلے سے تیار شدہ انجنز اس طیارے میں استعمال کیے جائیں گے۔ البتہ بعد میں ٹی آر موٹر کے تیار کردہ مقامی انجنز کو طیاروں میں نصب کیا جائیگا۔ یاد رہے کہ ترک ایروسپیس انڈسٹریز نے ترکی کے مقامی سطح پر پانچویں نسل کے طیارے کو تیار کرنے کے لیے کئی ملکی اور بین الاقوامی کمپینوں سے رابطہ کررکھا ہے۔ مثال کے طور پر ایسلسان ایوائنکس اور کمپوٹر ہارڈویئر، جبکہ ہویلسان اور ترک ایرو سپیس اپنی سافٹ ویئر بنانیوالی ٹیموں کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ ٹیوبیٹیک اور انفارمیشن سیکورٹی ایدوانسڈ ٹیکنالوجیز ریسرچ سینٹر مرکزی کمپوٹر تیار کررہی ہیں۔ اسی طرح سے یوکرین اور برطانوی کمپنیوں سے بھی اس پراجیکٹ سے متعلق تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔
