
ترک قونصل جنرل درمش باشتو نے پاکستان کے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ترکیہ کے 100سالہ جشن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات،مشاہدات اور مہارت سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی مشترکہ مسئلہ ہے،خاتمے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
انکا کہناتھا کہ ترکیہ اور پنجاب کے عوام کیلئے معاشی حوالے سے بہت سی اچھی خبریں منتظر ہیں،ترک رہنماوں سے منسوب لاہور اور مظفر گڑھ میں مختلف سڑکیں اور ہسپتال باہمی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ترکش بزنس مین پنجاب میں سرمایہ کاری کریں ، ہم انہیں تمام سہولتیں مہیا کریں گے۔
قونصل جنرل درمش باشتو نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ اور پاکستان کے معاشی روابط کو مضبوط اور تجارت کومزید بڑھانا چاہتے ہیں،گڈ ٹریڈ ایگریمنٹ کر چکے ہیں،باہمی تجارت5بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔