ترکیہ کے مشہور موسیقار اور گلوکار مراد ایوگن نے حال ہی میں امریکی ٹی وی سیریز ‘Pluribus’ میں اپنی موسیقی کی شمولیت کے پیچھے کہانی بیان کی ہے۔ یہ سیریز ونس گلیگن کی تخلیق ہے، جو سب سے زیادہ مشہور ہیں ‘Breaking Bad’ کے لیے۔
ایوگن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی آواز اور آرینجمنٹ اس سیریز میں شامل کی گئی، جس کا آغاز امریکی میوزک سپرووائزر تھامس گولوبک کے ساتھ آن لائن ملاقات سے ہوا۔ ملاقات کے دوران، گولوبک نے ایوگن کی اصل کمپوزیشنز سنی اور کہا کہ وہ جس پروڈکشن پر کام کر رہے ہیں، اسے مشہور امریکی گانوں کے دیگر زبانوں میں کور ورژنز کی ضرورت ہے۔ ایوگن نے جان لینن کا گانا “Nobody Told Me” منتخب کیا اور اسے ترکی زبان میں ڈھالا ۔ انہوں نے گانے کا آرینجمنٹ اور ریکارڈنگ خود کی، اور بعد ازاں فائنل ورژن کی منظوری بھی دے دی گئی۔ یہ گانا سیریز کے دوسرے قسط کے اختتامی منظر میں سنا جا سکتا ہے۔
ایوگن نے کہا کہ انہیں یہ موقع حیران کن طور پر ملا کیونکہ انہیں کنفیڈینشلٹی معاہدہ پر دستخط کرنے پڑے اور انہیں یہ بتایا نہیں گیا تھا کہ گانا کس پروڈکشن میں شامل ہوگا۔مراد ایوگن نے بتایا کہ ترکیہ کے ڈرامے اور موسیقی لاطینی امریکہ میں بہت مقبول ہیں، اور انہوں نے مثال دی ‘Yaralı Kuşlar’ کی، جو کولمبیا کی ٹی وی ہسٹری میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ترکی سیریز میں سے ایک ہے۔
ایوگن نے مزید کہا کہ وہ اپنے کچھ ترک گانوں کا ہسپانوی ترجمہ کر رہے ہیں اور لاطینی فنکاروں کے ساتھ تعاون بھی کر رہے ہیں، تاکہ ترکی موسیقی کی عالمی پہچان میں اضافہ ہو۔ ایوگن نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی ناظرین ترک موسیقی کے سُر، آلات اور جذباتی کہانیوں پر مثبت ردعمل دیتے ہیں، اور وہ امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں مزید ترکی زبان کی موسیقی عالمی پروڈکشنز میں شامل ہوگی۔
