ترکش ائیر لائنز نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو بڑھانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا۔
ترکش ائیر لائنز کے اس منصوبے سے تاجروں اور عوام کو بڑے پیمانے پر بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی) کے دورے کے دوران ترکش ائیر لائنز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ترکش ائیر لائن پاکستان کو مختلف ممالک سے جوڑ رہی ہے جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد دیں گے۔
آئی سی سی آئی کو اس بات کا یقین دلایا گیا کہ ترکش ائیر لائنز آنے والے وقتوں میں بہترین سہولیات فراہم کریں گی۔
انکا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی تعاون دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کاروبار اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے میں براہ راست فضائی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور ترکش ایئر لائنز کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر کوڈ شیئرنگ معاہدے پر دستخط کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔
یہ پاکستانی مسافروں کو استنبول سے یورپ، برطانیہ اور امریکہ لے کر جائے گا، اور کاروباری برادری کو ان بازاروں تک رسائی کی کوششوں میں مدد ملے گی۔
ترکش ایئر لائنز 122 ممالک میں 252 بین الاقوامی مقامات پر خدمات فراہم کر رہی ہیں جبکہ پاکستان کا وسطی ایشیا سے براہ راست کوئی فضائی رابطہ نہیں ہے۔
بختاوری نے تجویز پیش کی کہ ترکش ایئرلائن کو استنبول سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے براستہ پاکستان پروازیں شروع کرنی چاہیئں جس سے اسلام آباد بہت سے ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو بہتر کر سکے گا۔
انہوں نے ترکش ایئرلائنز کے نمائندے کو مشورہ دیا کہ وہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے مختلف ممالک کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے پر غور کریں تاکہ تاجر برادری اور عام لوگوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔
ہفتے میں کم از کم ایک پرواز سے کاروباری برادری کو تجارت اور برآمدات کے لیے مختلف ممکنہ منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ترکش ایئرلائن پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں تعاون کرے ۔
