پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل رفعت دالکران نے تین روزہ دورۂ پاکستان کیا۔ اس دوران انہوں نے اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دفاعی ٹیکنالوجی، فضائی تربیت اور مشترکہ صلاحیتوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل رفعت دالکران نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستان کی دفاعی صنعت، جدید فضائی ٹیکنالوجی اور مقامی سطح پر طیاروں کی تیاری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔رسالپور میں پاکستان فضائیہ کی اکیڈمی اصغر خان کے سینٹر آف ایکسیلینس میں انہوں نے زیرِ تربیت ترک فضائیہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور گریجویشن تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے ترک فضائیہ کے سربراہ کی شرکت کو پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔

ترک فضائیہ کے سربراہ کا دورۂ پاکستان پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کا عکاس ہے۔
