ترک وزیر خزانہ بیرات البیرک نے 2021-2023 کا نیا معاشی پروگرام جاری کر دیا جس میں نئے معاشی استحکام، نئی اصلاحات اور نئی معیشت متعارف کروائی جائے گی۔
استنبول میں نئے معاشی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ 2023 تک ترکی کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 3.5 فیصد کے مساوی ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا اس سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد رہے گی۔ آئندہ سال جی ڈی پی 5.8 اور 2022 سے 2023 تک معاشی ترقی 5 فیصد رہے گی۔
معیشت کی ترقی کے لئے برآمدات، ویلیو ایڈد پروڈکشن اور روزگار کے نئے مواقع پر توجہ دی جائے گی۔
اس سال ترکی میں بے روزگاری کی شرح 13.8 اور آئندہ سال 12.9 فیصد رہ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگاری بتدریج کم ہوتے ہوتے 2023 تک 11 فیصد تک آ جائے گی۔
ترک وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد کی مدت میں لیبر مارکیٹ کو سپورٹ کرے گی تاکہ معاشی صورتحال بہتر ہو اور بے روزگاری میں کمی کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مالی سال میں مہنگائی 10.5 فیصد رہے گی تاہم آنے والے برسوں میں مہنگائی بتدریج کم ہوتی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال مہنگائی 8 فیصد اور 2022 میں 5 فیصد رہ جائے گی۔