
ترکی میں اس سال ستمبر میں ہونے والے خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کی خصوصی نمائش اور میلے "ٹیکنوفیسٹ” میں شرکت کے لئے 40 ہزار درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔
میلے کے منتظم ٹرکس ٹیکنالوجی ٹیم فاؤنڈیشن کے چیئرمین سلجوق بیرکتار نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال دو گنا زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
2020 میں ہونے والی ٹیکنوفیسٹ میں 16 ہزار سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا تھا لیکن اس سال ٹیموں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کا یہ میلہ 21 سے 26 ستمبر تک استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر منعقد ہو گا۔
سلجوق بیرکتار نے کہا کہ 35 کیٹگریز میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے جن میں ایئر ٹرانسپورٹیشن، ڈرونز، سیٹلائٹس، روبوٹس، ایگریکلچر، بائیو ٹیکنالوجی، آرٹفیشل انٹلی جنس اور فلائنگ کارز شامل ہیں۔
اس موقع پر سائنس اور ٹیکنالوجی پر مختلف سیمینارز، نمائشیں، کانفرنسز اور ایئر شوز بھی منعقد کئے جائیں گے۔
گذشتہ سال ٹیکنوفیسٹ کا تیسرا ایڈیشن ستمبر میں ترک صوبے گیزینتب میں منعقد ہوا تھا۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے نمائش اور میلے میں شرکت کے لئے عام لوگوں کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔ میلے کی تمام سرگرمیاں سوشل میڈیا پر لائیو دکھائی گئیں تھیں۔
استنبول میں 2019 میں ہونے والے ٹیکنوفیسٹ کے دوسرے ایڈیشن میں 17 لاکھ 20 ہزار لوگوں نے میلے میں شرکت کی تھی۔