ترکی کے پہلے جوہری پاور پلانٹ ‘آق قویو ‘کے تیسرے پاور یونٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
آق قویو ترکی کی سب سے بڑی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے۔ ترک وزارت توانائی و قدرتی وسائل کے مطابق ‘آق قویو” نیوکلیئر پاور پلانٹ (این پی پی) کے تیسرے یونٹ کے لئے تعمیراتی لائسنس فراہم کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ مئی 2010 میں ترکی اور روس کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے دائرہ کار میں 3 اپریل 2018 کو ضلع مرسین کی تحصیل گلنار سے منسلک علاقے بیوک ایجے لی میں زیر تعمیر، آق قویو جوہری پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔
گذشتہ سال اپریل میں دوسرے یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ جبکہ نومبر میں تیسرے یونٹ کی تعمیر کا لائسنس حاصل کیا گیا اور اب اس یونٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب کل متوقع ہے۔
آق قویو جوہری پاور پلانٹ کا ہر یونٹ 1200 میگا واٹ صلاحیت کے حامل 4 ری ایکٹروں پر مشتمل ہو گا اور کُل 4 ہزار 800 میگا واٹ انسٹالڈ پاور کا مالک ہو گا۔ پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ 2023 میں جمہوریہ ترکی کے قیام کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر کام کا آغاز کرے گا ۔ باقی 3 یونٹ ہر ایک سال کے وقفے سے کام شروع کریں گے۔اس طرح 2026 تک پاور پلانٹ مکمل صلاحیت کے ساتھ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔