بھارتی ریاست اڑیسا میں مسافر اور مال بردار ٹرین میں تصادم کے نتیجے میں288 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو ٹرینوں میں ٹکر کے نتیجے میں شالیمار چنئی کورومنڈل ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثہ شام 7 بج کر 20 منٹ پر اڑیسا کے ضلع بالاسور میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمارریلوے اسٹیشن سے چنئی سینٹرل اسٹیشن کی طرف جا رہی تھی۔
حکام کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تین یونٹس، 60 ایمبولینسوں سمیت ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے قریب ایک اور ٹرین بھی پٹری سے اتر گئی ہے۔
ٹرینوں کے تصادم کے بعد جائے حادثہ پر قیامت کا منظرتھا۔ قریبی دیہاتوں سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کی امداد کو پہنچے۔ حادثے میں لقمہ اجل بننے والوں کے اعضا دور دور تک پھیل گئے جبکہ 900 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق ٹرینوں کی تباہ ہونے والی بوگیوں کے درمیان سیکڑوں افراد اب تک پھنسے ہوئے ہیں۔ سیکڑوں ریسکیو اہلکار، سیکورٹی فورسز اہلکار اورایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تباہ ہونے والی بوگیوں کو کاٹ کر پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے
