turky-urdu-logo

ترکیہ بھر میں شدید سردی اور برف باری، 2026 کا سفید چادر میں لپٹا آغاز

ترکیہ میں نئے سال 2026 کا آغاز شدید سرد موسم اور ملک گیر برف باری کے ساتھ ہوا۔ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر شہر شدید سردی اور برفانی صورتحال کی لپیٹ میں رہے، جبکہ کم از کم 63 شہروں میں برف باری ریکارڈ کی گئی۔ ان میں انقرہ اور استنبول بھی شامل ہیں، تاہم دونوں بڑے شہروں میں برف باری صرف بعض علاقوں تک محدود رہی۔
حکام نے شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر 31 شہروں کے رہائشیوں کو خبردار کیا کہ وہ بھاری برف باری اور بارش کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے ہوشیار رہیں، خاص طور پر سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے۔ انتباہ جاری کیے جانے والے شہروں میں آدانا، آغری، آرتوین، بنگول، بتلیس، الازیغ، ارزنجان، ارزورم، گیرسون، گوموش خانہ، حکاری، حاتائے، قارص، کوجایلی، ملاتیا، قہرمان مرعش، ماردین، موش، ریزے، سقاریہ، سیرت، ترابزون، تونجیلی، وان، زونگولداق، باتمان، شرناق، بارتن، اردہان، عثمانیہ اور دوزجہ شامل ہیں۔
مشرقی ترکیہ کے شہر موش میں شدید برف باری کے باعث گاڑیاں مکمل طور پر برف میں دب گئیں، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ کئی علاقوں میں آمدورفت معطل ہو گئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نئے سال کی تعطیلات کے باعث جمعرات کو متعدد شہروں میں تعلیمی ادارے پہلے ہی بند تھے، تاہم شدید برف باری کے پیش نظر یہ تعطیلات جمعہ تک بڑھا دی گئیں تھیں
مشرقی صوبے وان میں دیہی علاقوں میں دو برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آئے۔ ایک حادثے میں ایک معمر خاتون جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ممکنہ خطرات کے باعث تقریباً دو درجن گھروں کو احتیاطاً خالی کرا لیا گیا۔
مشرقی اور جنوب مشرقی ترکیہ کے دور دراز علاقوں میں، جو سردیوں میں سخت موسم کے لیے مشہور ہیں، سینکڑوں دیہات اور محلوں کو جانے والی سڑکیں برف باری کے باعث بند ہو گئیں، جس سے مقامی آبادی کا بڑے شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
دوسری جانب شمالی ترکیہ کے شہر دوزجہ میں برف ہٹانے والی مشینیں مسلسل سڑکوں کی صفائی اور بحالی میں مصروف رہیں۔
استنبول میں دن کے ابتدائی حصے میں برف باری خاصی شدید رہی، تاہم دوپہر کے بعد اس کی شدت میں کمی آ گئی، جس کے بعد صورتحال نسبتاً بہتر ہونا شروع ہوئی۔
حکام اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی سرد موسم اور بعض علاقوں میں مزید برف باری کے امکان کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

Read Previous

ترک موسیقار مراد ایوگن کی موسیقی بین الاقوامی سیریز ‘Pluribus’ میں شامل

Read Next

صدر رجب طیب اردوان: آج ترکیہ اس شعبے میں عالمی آواز رکھنے والا ملک بن چکا ہے، ترکیہ کی دفاعی و ایرو اسپیس برآمدات 10.56 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

Leave a Reply