
ترکیہ میں پاکستانی طلبہ تنظیم پاکس ترک کی پہلا باقاعدہ گرینڈ میٹ اپ استنبول میں منعقد ہوا۔پروگرام میں کثیر تعداد میں پاکستانی طلبہ و طالبات شریک ہوئے جبکہ ترکیہ ، بھارت اور بنگلہ دیش کے طلبہ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی امریکہ سے تشریف لائے کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی تھے، جو کشمیر کا مقدمہ مختلف پلیٹ فارمز پر لڑ رہے ہیں۔ اسٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن فار ایکسیلینس پاکستان کے ڈائریکٹر شکیل احمد بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
ترکی اردو سے بات کرتے ہوئے منتظمین کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد پاکس ترک کا باقاعدہ آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا تھی اور یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں۔ اس پروگرام میں پاکس ترک کی حلقہ بندیاں بھی کی گئی اور نئی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی۔
پاکس ترک ترکیہ میں پاکستانی طلبہ کی تنظیم ہے جو طلبہ مسائل کے حل کے لئے بنی ہے۔
تنظیم کے صدر حافظ عزیز علی خان ، انس اعوان نائب صدر اور قاسم رضا جنرل سیکرٹری ہیں۔ تنظیم کے قیام کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے طلبہ کو بھی قریب لانا ہے۔ اس وقت چھ سو کے قریب طلبہ اس تنظیم کے ساتھ وابستہ ہوکر اس مقصد کے حصول کا عزم کرچکے ہیں