
امریکی شہر نیو یارک میں مساجد سے لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت دے دی گئی۔
نیو یارک کے علاقے کی سب سے بڑی مسجد نیو یارک اسلامی مرکز ثقافت میں پہلی بار نماز جمعہ کے لیے لاوڈ اسپیکر پر اذان پڑھی گئی۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے 29 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ جمعہ اور رمضان کے دوران شہر کی مساجد کے باہر اذان دی جا سکتی ہے۔
نیوریارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے 29 اگست کو اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’آج ہم واضح کر رہے ہیں کہ مساجد اور عبادت گاہیں جمعہ کے دن اور رمضان کے دوران بغیر اجازت اذان دینے کے لیے آزاد ہیں، نیویارک میں آپ کو اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی ہے۔
نیویارک سٹی کی جانب سے جاری کی گئی نئی ہدایات میں بتایا گیا کہ نیو یارک شہر میں اذان کی اجازت ہے اور شہر میں بلند آواز کے حوالے سے عائد پابندیوں کے باوجود اذان دینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
امریکی-اسلامک تعلقات پر کونسل کے نیویارک چیپٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عفاف ناصر کا کہنا ہے کہ ’اذان کی صدا نہ صرف نماز کی دعوت دیتی ہے بلکہ یہ اتحاد اور بھائی چارے کی بھی عکاسی کرتی ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس اقدام سے مسلم کمیونٹی کی اقدار اور روایات کو سمجھنے اور ان کی قدر کرنے میں مدد ملے گی۔‘