Turkiya-Logo-top

غزہ کے خیمہ مکین 17 لاکھ 60 ہزار فلسطینیوں کو شدید طوفان کا خطرہ

غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کے لیے سرد موسم ایک نئی آزمائش بن گیا ہے۔ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں علاقے سے ٹکرانے والا طاقتور طوفان خیموں میں مقیم 17 لاکھ 60 ہزار فلسطینیوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث پہلے سے تباہ حال پناہ گاہوں میں رہنے والے خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابتہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ علاقے میں ایک بڑے انسانی المیے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں بے گھر فلسطینی ایسے خیموں میں رہ رہے ہیں جو شدید موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جبکہ عالمی برادری ان خاندانوں کو درپیش خطرات کے باوجود مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔ انہوں نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت پر زور دیا ہے۔

غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بھی خبردار کیا ہے کہ متوقع طوفان کے دوران موسلا دھار بارشیں ہزاروں خاندانوں کے خیموں کو زیرِ آب لاسکتی ہیں، جبکہ تیز ہوائیں عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ پہلے سے خستہ حال عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ بھی بڑھا سکتی ہیں۔ ان کے مطابق بعض بے گھر خاندانوں کے پاس محفوظ پناہ گاہوں کی عدم دستیابی کے باعث ایسی عمارتوں میں رہنے کے سوا کوئی متبادل موجود نہیں جو پہلے ہی تباہی کے خطرے سے دوچار ہیں۔محمود بسال نے خاص طور پر بچوں کی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید کمی اور خیموں میں گرمائش کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث ہزاروں بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ ان کے مطابق سردی کی شدت سے بچوں کو جان لیوا مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، جبکہ بیمار اور معمر افراد بھی شدید موسمی حالات کے باعث زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے عالمی امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر خیمے، گرم کپڑے، کمبل اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 6 نومبر کو آنے والے ایک طوفان کے دوران تقریباً 70 ہزار خیمے بارش کے پانی میں ڈوب گئے تھے، جس سے بے گھر خاندانوں کے رہائشی سامان اور عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل آنے والے طوفان نے بھی واضح کر دیا تھا کہ غزہ میں موجود خیمے شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے سامنے کتنے غیر محفوظ ہیں۔اسرائیلی جنگ کے دوران گھروں، سڑکوں، نکاسی آب کے نظام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی نے بھی صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ لاکھوں فلسطینی اپنے تباہ شدہ گھروں کو واپس جانے کے قابل نہیں اور عارضی خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں نئے طوفان کی پیش گوئی نے بے گھر خاندانوں کے لیے موسم سرما میں رہائش، بچوں کے تحفظ اور بنیادی ضروریات کی فراہمی سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔

Read Previous

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط

Leave a Reply