turky-urdu-logo

وزیر اعظم پاکستان کی ترک صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی نے نسٹ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔

یونیورسٹی میں آرچلیک ڈاولینس کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی موجود تھے۔

پاکستان کی الیکٹرونکس پروڈکٹس تیار کرنے والی ڈاولینس کمپنی کو حال ہی میں ترک سرمایہ کار گروپ نے خریدا ہے۔

ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کے افتتاحی پروگرام میں وزیر اعظم پاکستان نے ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا  کہ  ترکیہ میں فروری کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اس تباہی پر ہمیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس زلزلے سے ہونے والی تباہی کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو ، ریلیف اور میڈیکل کی ٹیمیں ترکیہ روانہ کیں ہیں اور امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام  اپنے ترک بہنوں اور بھائیوں کو اس  مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے بھی پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے ۔

وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صنعت ، توانائی ، مواصلات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ڈاؤلینس کے پاکستان میں قائم یونٹ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس انرجی ایفشینٹ مصنوعات تیار کی جا سکیں، ڈاؤلینس کے پاکستان میں پروڈکشن پلانٹ کو ریجنل ایکسپورٹ حب بنانے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

وفد نے  بتایا کہ ڈاؤلینس نے کراچی کے بعد اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیا ہے جو کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ ہو گا، اس سینٹر سے انجینئرز کو تکنیکی معاونت اور کیپسٹی بلڈنگ میں مدد ملے گی ۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ آرچلیک (جو کہ ترکیہ کی ایک ہاؤس ہولڈ صنعت ہے ) ترکیہ میں موجود پاکستانی طلبا کو مسلسل دو سالوں سے انٹرن شپ فراہم کر رہی ہے جس سے نہ صرف طلبا کو انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ کئی پاکستانی طلبا اس کمپنی میں ملازمت بھی اختیار کر چکے ہیں۔

ترک سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دو ملک ایک قوم ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ڈاؤلینس کو درپیش تمام آپریشنل مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے وفد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ پاکستان چوہدری سالک حسین ، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

Alkhidmat

Read Previous

ترکیہ عالمی ڈونر کانفرنس کے انعقاد پر یورپی یونین اور سویڈن کا مشکور ہے، وزیر خارجہ چاوش اوغلو

Read Next

جنوب مشرقی افریقی ملک ملاوی میں سمندری طوفان فریڈی سے اموات499 سے تجاوز کر گئی

Leave a Reply