
“دنیائے عالم کے منظرنامے پر نئے ورڈ آرڈر کے بعد جہاں مسلمانوں کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر تھی، صدر ایردوان نے مسلمانوں کی امنگوں اور جذبات کا اظہار کرکے اس خلا کو پر کردیا۔ صدر ایردوان اس وقت امت مسلمہ کی توانا آواز ہیں”۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر خارجہ امور جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی تاریخی جیت پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
آصف لقمان قاضی نے طیب ایردوان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے دو عیدوں کے درمیان تیسری عید کی مانند ہے۔ تازہ ہوا کے اس جھونکے کا جشن انڈونیشیا سے لے کر مراکش تک اور وسط یورپ سمیت شمالی امریکہ میں بھی منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی سیاسی رہنما کے ساتھ لوگوں کی اس قدر جذباتی وابستگی نہیں دیکھی۔
انہوں نے طیب ایردوان کے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طیب ایردوان کا سیاسی سفر آغاز سے ہی اسلامی تحریکوں کے لیے متاثر کن رہا ہے، انہوں نے اسلامی تحریکوں کے لیے ایک تحریک کا کام کیا جو بذات خود قابل تقلید ہے۔ طیب ایردوان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلسطین، کشمیر اور روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کے جذبات کا اظہار کرکے طیب ایردوان نے ان کی آواز دنیا بھر میں اٹھائی۔
جدید ترکیہ کے مثالی پراجیکٹس کا حوالہ دیتے ہوئے آصف لقمان قاضی نے کہا کہ صدر ایردوان نے ترک قوم کو 21ویں صدی میں اعتماد، حوصلہ افزائی اور دنیا کی مضبوط ترین قوموں میں شمار ہونے کا عزم دیا ہے۔ انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو کامیابی سے استعمال کرتے ہوئے ایک طرف اپنے لوگوں کو ان کے شاندار تہذیبی ورثے سے جوڑ دیا اور دوسری طرف جدیدیت کی طرف مائل بھی کیا ہے۔ سٹریٹجک ٹیکنالوجی اور صنعت میں حالیہ میگا پراجیکٹس نے ترکیہ کی معیشت میں ایک نئی امید پیدا کی ہے۔ ایردوان کی صدارت کے اگلے پانچ سالوں کو دنیا گہری دلچسپی سے دیکھے گی۔